امریکا کی کل سے 25 فیصد اضافی ٹیرف کے نفاذ کی تصدیق، بھارتی اسٹاک مارکیٹ کو جھٹکا – World

AhmadJunaidJ&K News urduAugust 26, 2025376 Views



امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے کل سے بھارت سے آنے والی تمام مصنوعات پر مزید 25 فیصد محصول عائد کرنے کی تصدیق کے بعد بھارتی حصص منگل کو ابتدائی کاروبار کے گراوٹ کا شکار رہے، اور اگست کے تمام منافع ختم ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق نِفٹی 50 اور بمبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) سنسیکس منگل کی صبح 10 بج کر 39 منٹ یعنی پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 9 منٹ تک 7 فیصد کمی سے بالترتیب 24 ہزار 787 اور 81 ہزار 28 پوائنٹس کی سطح پر تھے۔

یہ دونوں اشاریے اس مہینے معمولی تبدیلی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے، جب کہ جولائی میں تقریباً 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

16 بڑے شعبوں میں سے 15 منگل کو مندی کا شکار ہوئے، درمیانے اور چھوٹے درجے کے حصص میں بھی تقریباً ایک فیصد کمی آئی۔

بھارتی برآمدات کو اب امریکی ڈیوٹیز کا سامنا کرنا پڑے گا، جو 50 فیصد تک ہوں گی جو واشنگٹن کی جانب سے عائد کردہ سب سے زیادہ محصولات میں شامل ہیں، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ کے اوائل میں نئی دہلی کی جانب سے روسی تیل کی خریداری میں اضافے کے جواب میں اضافی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آئی سی آئی سی آئی سیکیورٹیز کے ریٹیل ریسرچ کے سربراہ پنکج پانڈے نے کہا کہ اگرچہ یہ خبر مارکیٹ کے لیے منفی ہے، لیکن ہمیں یہاں سے بڑی گراوٹ کی توقع نہیں ہے، کیونکہ یہ کوئی چونکا دینے والی پیش رفت نہیں ہے۔

نِفٹی 50 میں سب سے زیادہ وزن رکھنے والا اسٹاک ریلائنس انڈسٹریز تقریباً ایک فیصد گر گیا، بڑے مالیاتی اداروں کے حصص میں 1.1 فیصد اور فارماسیوٹیکل کمپنیوں میں 1.4 فیصد کمی آئی۔

ٹیکسٹائل، کیمیکلز اور جھینگا برآمد کرنے والی کمپنیوں کے حصص بھی گرے، کیونکہ یہ شعبے امریکی محصولات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ رکھتے ہیں۔

پنکج پانڈے نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں مارکیٹ کا رجحان مخصوص شعبوں یا کمپنیوں پر مرکوز رہے گا، کیونکہ برآمدات پر انحصار کرنے والے حصص محصولات کے دباؤ میں رہ سکتے ہیں، جب کہ مقامی معیشت سے جڑے شعبے کھپت میں اضافے کے باعث بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

منگل کو صارفین سے متعلق حصص میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 16 بڑے شعبوں میں واحد مثبت کارکردگی دکھانے والا شعبہ رہا۔

دیگر کمپنیوں میں ٹیلی کام آپریٹر ووڈافون آئیڈیا کے حصص 10 فیصد گر گئے، کیونکہ متعدد رپورٹس میں کہا گیا کہ حکومت واجبات پر اضافی ریلیف دینے پر غور نہیں کر رہی۔

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...