بہار کے مدھے پورہ ضلع سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے، جس نے الیکشن کمیشن کے طریقہ کار پر سنگین سوال اٹھائے ہیں۔ دراصل جے پال پٹی محلہ کی ایک خاتون کو ملنے والا نیا ووٹر آئی ڈی اس وقت موضوع بحث بن گیا جب اس میں ان کی تصویر کی جگہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی تصویر لگی ہوئی نظر آئی۔ خاتون کے شوہر چندن کمار نے میڈیا کے سامنے اس کارڈ کو دکھاتے ہوئے اسے انتظامیہ کی بہت بڑی لاپرواہی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عام غلطی نہیں ہے کہ کسی شخص کے شناختی کارڈ پر ریاست کے وزیر اعلیٰ کی تصویر لگا دی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے اسے الیکشن کمیشن کی لاپرواہی اور حساس معلوماتی نظام کی ناکامی قرار دیا۔
چندن کمار نے بتایا کہ تقریباً ڈھائی ماہ قبل پوسٹ آفس کے ذریعہ سے انہیں اپنی اہلیہ کے نام کا ایک نیا آئی ڈی کارڈ ملا تھا۔ لفافے پر نام، پتہ اور دیگر معلومات درست تھیں۔ لیکن جب لفافہ کھولا گیا تو آئی ڈی کارڈ پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی تصویر تھی۔ انہوں نے جب اس کے متعلق بی ایل او (بلاک لیول آفیسر) کو آگاہ کیا تو اس نے اس معاملہ کے متعلق کسی سے بھی تذکرہ نہ کرنے کی صلاح دی، اس کے بعد صورتحال مزید مشکوک ہو گئی۔
اس معاملہ کے متعلق جب ڈپٹی الیکشن آفیسر جتیندر کمار سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’ووٹر آئی ڈی کارڈ کرناٹک سے پرنٹ ہوکر آتا ہے۔ اگر اس میں غلطی ہے تو متعلقہ شخص کو فارم 8 پُر کر کے ایس ڈی او دفتر یا آن لائن کے ذریعہ درخواست دینا ہوگا، جس کے بعد اصلاح ممکن ہے۔‘‘ لیکن چندن کمار اس جواب سے مطمئن نہیں ہیں، انہوں نے اس بے ضابطگی کا اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ محض ایک غلطی ہے یا پھر سسٹم میں کوئی بڑی کوتاہی یا بے ضابطگی چھپی ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔