’اقوام متحدہ جوہری نگرانی ادارہ‘ کے ساتھ تعاون ختم کرنے والا بل منظور، بڑھ جائے گی جوہری پروگرام کی رفتار!

AhmadJunaidJ&K News urduJune 25, 2025371 Views


بل کو قانون بننے کے لیے ایران کی غیر منتخب گارڈین کونسل کی منظوری درکار ہے۔ اس میں یہ التزام ہے کہ مستقبل میں آئی اے ای اے کے کسی بھی معائنہ کے لیے سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کی منظوری لینی ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای / آئی اے این ایس</p></div><div class="paragraphs"><p>ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای / آئی اے این ایس</p></div>

ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای / آئی اے این ایس

user

اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے فوراً بعد (25 جون) ایران کی پارلیمنٹ نے ’اقوام متحدہ جوہری نگرانی ادارہ‘ کے ساتھ تعاون روکنے سے متعلق ایک اہم بل کی منظوری دے دی۔ ایران کے جوہری ٹھکانوں پر امریکی بمباری کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اب بغیر کسی نگرانی کے ایران کا جوہری پروگرام بے قابو ہو جائے گا؟ حالانکہ اسرائیل اور امریکہ کسی بھی قیمت پر ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

مشہور خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق اس بل کو قانون بننے کے لیے ایران کی غیر منتخب گارڈین کونسل کی منظوری درکار ہے۔ اس میں یہ التزام ہے کہ مستقبل میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے کسی بھی معائنہ کے لیے سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کی منظوری لینی ہوگی۔ دوسری جانب ایران کی سرکاری میڈیا نے رکن پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف کے حوالے سے کہا کہ ’’ایران اب اپنے سول جوہری پروگرام میں مزید تیزی لائے گا۔‘‘

واضح ہو کہ ایران نے جوہری ہتھیار بنانے کی بات سے ہمیشہ انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ رواں ماہ ’آئی اے ای اے‘ کی ایک قرارداد میں ایران کو اس کے عدم پھیلاؤ کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرنے والا بتایا گیا ہے، جس کی وجہ سے اسرائیل کے حملے آسان ہو گئے۔ قالیباف کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’آئی اے ای اے‘ نے ایران کے جوہری ٹھکانوں پر حملے کی مذمت کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اپنی بین الاقوامی ساکھ کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ ’’اب ایران جوہری توانائی کی تنظیم اور جوہری تنصیبات کی حفاظت کی ضمانت نہ ملنے تک ایجنسی کے ساتھ اپنے تعاون کو روک دے گا اور ملک کے پرامن جوہری پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھائے گا۔‘‘ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی نے اس ہفتہ بل کے خاکہ کی منظوری دی۔ اس بل سے متعلق کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ ’’یہ بل نگرانی کیمرے لگانے، معائنہ کرنے اور ’آئی اے ای اے‘ کو رپورٹ داخل کرنے پر پابندی عائد کر دے گا۔‘‘

’آئی اے ای اے‘ نے ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے بل کو منظور کیے جانے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن ’آئی اے ای اے‘ کے سربراہ رافیل گروسی نے بدھ کو کہا کہ ’’ایرانی جوہری مقامات پر معائنہ کاروں کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں، جن میں وہ پلانٹ بھی شامل ہے جہاں 13 جون کو اسرائیلی حملہ سے قبل تک ایران یورینیم کی افزودگی کر رہا تھا۔‘‘

واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں اور زیر زمین ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری کے دوران سائٹ کو ہوئے نقصان کے بارے میں اب تک کوئی واضح معلومات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس حوالے سے کہا تھا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ ہمارے جوہری پروگرام اور عدم پھیلاؤ کے نظام پر ہمارے خیالات میں تبدیلی آئے گی، لیکن یہ کہنا ممکن نہیں ہے کہ یہ کس سمت میں جائے گا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں امریکہ نے ایران کے 3 اہم جوہری مقامات فردو، اصفہان اور نطنز پر زبرست بمباری کی تھی۔ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں تینوں جوہری مقامات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ لیکن دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ حملہ سے قبل ہی زیادہ تر جوہری مواد خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا اور صرف معمولی نقصان ہوا ہے۔ کچھ سیٹلائٹ تصاویر سے اس بات کے واضح اشارے بھی ملے ہیں۔

بہرحال، اٹامک انرجی ایجنسی جسے نیوکلیئر واچ ڈاگ کہا جاتا ہے، اس سے اگر ایران تعاون ختم کرتا ہے تو اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ اب وہ اپنے جوہری پروگرام کے ساتھ کیا کرے گا اس بارے میں کوئی بھی معلومات اور ڈیٹا ایجنسی کو نہیں دیا جائے گا۔ ساتھ ہی ایجنسی کی جانب سے وزٹ کرنے والے مبصرین ایران کے جوہری مقامات کا دورہ نہیں کر پائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Follow
Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...