
اعظم خان کو حال ہی میں الہ آباد ہائی کورٹ نے زبردستی قبضے کے ایک پرانے مقدمے میں ضمانت دی تھی۔ یہ ضمانت ملنے کے بعد ان کی رہائی کا راستہ صاف ہوتا دکھائی دیا تھا لیکن اسی دوران رامپور کورٹ نے جواہر یونیورسٹی سے متعلق ’اینمی پراپرٹی‘ معاملے میں نئی دفعات جوڑتے ہوئے انہیں 20 ستمبر کو طلب کر لیا۔ بعد میں یہ دفعات خارج کر دی گئیں جس سے قانونی رکاوٹ دور ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق، اعظم خان کے خلاف اب تک کل 104 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 93 صرف رامپور کے ہیں۔ ان تمام مقدمات میں انہیں ضمانت مل چکی ہے۔ تاہم 2022 میں بھڑکاؤ تقریر کے ایک معاملے میں عدالت نے انہیں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اسی فیصلے کے بعد ان کی اسمبلی رکنیت بھی ختم ہو گئی تھی۔






