بنگلہ دیش نے مبینہ طور پر بقایہ ادائیگی نہ ہونے کے سبب ہوابازی کمپنی ’اسپائس جیٹ‘ کو اپنے ایئر اسپیس کا استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے حوالہ سے آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ایئر اسپیس بند کیے جانے کے سبب کولکاتا سے گواہاٹی اور امپھال جانے والی کچھ پروازوں کو اب طویل راستہ طے کرنا پڑ رہا ہے۔ حالانکہ اسپائس جیٹ کے ترجمان نے جمعرات کو کہا کہ ایئرلائن متعلقہ اتھارٹی کے ساتھ نیویگیشن فیس سمیت آپریشن اور طریقۂ کار کے مسائل پر مستقل بات چیت کر رہی ہے۔ انھوں نے اسے صنعت سے جڑے عام ایشوز بتاتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کا جلد حل نکالنے کی سمت میں کام کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ مقررہ پرواز خدمات اصولوں کے مطابق جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بقایہ رقم کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب بنگلہ دیش کی طرف سے ہوابازی کمپنی ’اسپائس جیٹ‘ کے خلاف یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ حالانکہ بقایہ کی رقم کتنی ہے، یا پھر بقایہ کی نوعیت کیسی ہے، اس بارے میں فی الحال کچھ بھی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ ہوابازی کمپنی کی جانب سے بھی اس بارے میں کوئی تفصیل پیش نہیں کی گئی ہے۔
اس درمیان فلائٹ ٹریکنگ ڈاٹا سے پتہ چلا ہے کہ اسپائس جیٹ کی کچھ پروازیں بنگلہ دیشی ایئر اسپیس سے بچتے ہوئے متبادل اور طویل راستہ اختیار کر رہی ہیں۔ غالباً ان حالات کا اثر اِس ہوابازی کمپنی کے شیئر پر بھی پڑا ہے۔ بی ایس ای میں دوپہر کے کاروبار کے دوران اسپائس جیٹ کے شیئر میں تقریباً ایک فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں دسمبر 2025 کی سہ ماہی میں 269.27 کروڑ روپے کا خسارہ بھی درج کیا تھا، جس کے لیے بڑھتے خرچ اور یکمشت خرچ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































