اتراکھنڈ واقع اترکاشی میں منگل کے روز زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا، جس نے مقامی افراد خوف میں مبتلا ہو گئے۔ 8 جولائی کو آئے اس زلزلہ کی تصدیق آفات کنٹرول روم نے بھی کی ہے۔ کنٹرول روم کے مطابق زلزلہ کا مرکز زمین سے 5 کلومیٹر نیچے تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 3.2 درج کی گئی ہے۔ زلزلہ کے دوران کچھ دیر تک جھٹکے محسوس کیے گئے۔
قومی زلزلہ سائنس مرکز نے بھی سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر جانکاری دی کہ اترکاشی میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ کے جھٹکے آتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ فی الحال جان و مال کے نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے، لیکن لوگوں میں خوف و دہشت دیکھنے کو مل رہی ہے۔
اس سے قبل الموڑا میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس وقت زلزلہ کی شدت 3.4 درج کی گئی تھی اور وہ بھی زمین کے 5 کلومیٹر نیچے آیا تھا۔ یکم جون کو اتر پردیش کے میرٹھ ضلع میں بھی بوقت صبح زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا تھا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 8.44 بجے آئے اس زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.7 درج کی گئی تھی۔ نیشنل سنٹر فار سسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق زلزلہ کا مرکز میرٹھ ضلع کے آس پاس والے علاقہ میں رہا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔