
ڈاکٹر امیتا ملک نے بتایا کہ سی ٹی اسکین کے ذریعہ ہونے والا یہ ٹیسٹ مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس سے خاص طور پر مالی مشکلات کے شکار مریضوں کو بڑی راحت ملے گی۔ اب انہیں سنگین بیماریوں کی تصدیق کے لیے نہ تو نجی اسپتالوں کا رُخ کرنے پڑے گا اور نہ ہی دوسرے شہروں میں بھٹکنا ہوگا۔ پروفیسر دھرمیندر کمار سنگھ کے مطابق پہلے صفدر جنگ اسپتال میں صرف ایک ہی سی ٹی اسکین مشین تھی، جس سے روزانہ تقریباً 150 مریضوں کی جانچ ہوپاتی تھی۔ مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اب دو نئی مشینوں کے اضافے سے روزانہ سی ٹی اسکین جانچ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اسپتال انتظامیہ کا ماننا ہے کہ اس سہولت سے سنگین بیماریوں کا بروقت پتہ لگانا ممکن ہوگا اور مریضوں کو بہترعلاج مل سکے گا۔






