پارلیمنٹ میں ‘آپریشن سندور’ کو لے کر آج بھی زوردار بحث جاری ہے۔ پیر کو لوک سبھا میں بحث کی شروعات وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے خطاب سے ہوئی تھی، جو رات ایک بجے تک چلی۔ آج صبح وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلگام کے بیسرن گھاٹی میں 26 ہلاکتوں کے ذمے دار تینوں دہشت گردوں کو مار گرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کو مکمل آزادی دی گئی تھی اور اس نے دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ امت شاہ کے مطابق، ’’جن لوگوں نے ہمارے 26 لوگوں کو شہید کیا، ان تینوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔‘‘
راجناتھ سنگھ نے کل بتایا تھا کہ کس طرح ہندوستان نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان کے اندر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر نشانہ لگا کر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی کی علامت ہے۔
آج لوک سبھا میں راہل گاندھی شام 5 بجے، پرینکا گاندھی 1:30 پر اور کے سی وینوگوپال 2:30 پر خطاب کریں گے۔ وہیں ریاستی ایوان یعنی راجیہ سبھا میں کانگریس کی جانب سے خرگے، پی چدمبرم، اشوک پرساد اور شکتی سنگھ گوہل جیسے قائدین اپنی بات رکھیں گے۔
راجناتھ سنگھ آج دوپہر 2 بجے راجیہ سبھا میں بھی ’آپریشن سندور‘ پر خطاب کریں گے۔