
نئی دہلی: ملک بھر میں سڑکوں پر آوارہ کتوں کے بڑھتے حملوں کے معاملے پر سپریم کورٹ نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے ریاستی حکومتوں کو واضح انتباہ دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر آوارہ کتوں کے کاٹنے سے کسی بچے یا بزرگ کی موت واقع ہوتی ہے یا انہیں سنگین چوٹ پہنچتی ہے تو اس کی براہ راست ذمہ داری متعلقہ ریاستی حکومت پر عائد کی جا سکتی ہے اور ایسے معاملات میں معاوضہ دینے کا حکم بھی دیا جا سکتا ہے۔
منگل کے روز سماعت کے دوران جسٹس وکرم ناتھ نے انتظامیہ کی مسلسل لاپروائی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی عدم توجہی کی وجہ سے یہ مسئلہ “ہزار گنا” بڑھ چکا ہے اور اگر وقت پر مؤثر اقدامات کیے جاتے تو حالات اس حد تک نہ پہنچتے۔ عدالت کے مطابق یہ محض انتظامی ناکامی نہیں بلکہ عوامی تحفظ سے جڑا ہوا سنگین مسئلہ ہے۔






