ہندوستانی بحریہ میں خواتین کی شمولیت کا ایک نیا باب رقم ہو گیا ہے۔ سب لیفٹیننٹ آستھا پونیا کو بحریہ کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اب ملک کے بحری جنگی بیڑے میں شامل مہلک لڑاکا طیارے مگ-29 سمیت دیگر جنگی طیارے اُڑانے کی اہل ہوں گی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون کو انڈین نیوی کی فائٹر ایوی ایشن برانچ میں شامل کیا گیا ہے۔
آستھا پونیا کی یہ تعیناتی نہ صرف بحریہ بلکہ پورے ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اس سے پہلے خواتین پائلٹس کو نیول ایوی ایشن کے ری کنسسنس (جاسوسی) اور ہیلی کاپٹر ونگ میں تعینات کیا جاتا رہا ہے لیکن فائٹر ونگ میں یہ پہلا قدم ہے، جس کے ذریعے خواتین کو جنگی طیارے اُڑانے کی اجازت دی گئی ہے۔