
نئی دہلی/گوہاٹی: آسام میں ہندوستانی فضائیہ کا ایک سکھوئی–30 ایم کے آئی لڑاکا طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ جان بحق ہو گئے۔ ہندوستانی فضائیہ نے جمعہ کے روز اس افسوس ناک حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں افسران کو شدید زخم آئے تھے جن کی وجہ سے ان کی جان نہیں بچائی جا سکی۔
فضائیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ اسکواڈرن لیڈر انوج اور فلائٹ لیفٹیننٹ پرویش دوراگکر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ فضائیہ کے تمام اہلکار اس مشکل وقت میں دونوں افسران کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔






