
آسام میں بی جے پی کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل سے شیئر کی گئی ایک اقلیت مخالف ویڈیو نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس پارٹی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے نہ صرف انتہائی گھناؤنا اور تشویش ناک قرار دیا بلکہ اسے سماج میں نفرت اور تشدد کو ہوا دینے کی خطرناک کوشش بتایا۔
کانگریس کے مطابق آسام بی جے پی کے پردیش ہینڈل سے پوسٹ کیے گئے اس ویڈیو میں وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کو علامتی انداز میں مسلمانوں پر ’پوائنٹ بلینک‘ رینج سے فائر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ “پوائنٹ بلینک شوٹ” جیسا کیپشن درج تھا۔ اس کے علاوہ اس میں آسامیا زبان میں ایسے جملے بھی دکھائے گئے جن میں ’غیر ملکیوں سے آزاد آسام‘، ’کوئی رحم نہیں‘ اور ’تم پاکستان کیوں نہیں گئے‘ جیسے الفاظ شامل تھے۔






